ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈانڈیلی میں اردو صحافیوں کے لیے سہ روزہ ورکشاپ کا آغاز 

ڈانڈیلی میں اردو صحافیوں کے لیے سہ روزہ ورکشاپ کا آغاز 

Wed, 20 Nov 2024 11:59:35  SO Admin   S.O. News Service

ڈانڈیلی، 20/نومبر (ایس او نیوز /عبدالحلیم منصور)  ڈا نڈیلی میں کرناٹک اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام اردو صحافیوں کے لیے سہ روزہ ورکشاپ کا افتتاح عمل میں آیا ،جس میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن اور جرنلزم کے پروفیسرس نے مختلف امور پر روشنی ڈالی اور موجودہ دور میں صحافت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اردو اکیڈمی کے  چیئرمین مولانا محمد علی قاضی کے ہاتھوں اس کار گاہ کا افتتاح عمل میں آیا - اس موقع پر ورکشاپ کے کوآرڈینیٹر اور معروف کالم نگار اعظم شاہد نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گودی میڈیا کے اس دور میں متبادل میڈیا کی اہمیت میں بے حد اضافہ ہو گیا ہے۔ اگر متبادل میڈیا نہ ہوتا تو کئی حقائق پر سے اب بھی پردہ نہیں اٹھ پاتا،انہوں نے کہا کہ اردو صحافت سے وابستگی کے لیے جنون اور جستجو کا ہونا بے حد ضروری ہے اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ صحافیوں میں شوق مطالعہ کا فقدان دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اردو صحافت کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اردو کے پہلے صحافی مولوی باقر اردو صحافت کی بقا کے لیے شہید ہوئے تھے۔ اردو صحافیوں کو چاہیے کہ وہ ان کے نقش قدم پر چلیں،جناب اعظم شاہد نے کہا کہ موجودہ زمانے میں صحافت مزید مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے کیونکہ اب نت نئے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ صحافت کو سماج کا آئینہ دار ہونا چاہیے ۔

اردو اکیڈمی کے چیئرمین مولانا محمد علی قاضی نے کہا کہ صحافت کے بغیر جمہوریت کا تصور ناممکن ہے،معاشرے کی تعمیر میں صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ بے باکی کے ساتھ صداقت پر قائم رہیں۔چیئرمین نے مزید کہا کہ مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن اور جرنلزم کے اشتراک سے کرناٹک اردو اکیڈمی کی جانب سے اردو صحافت پر سرٹیفیکیٹ کورس کا آغاز کیا جانے والا ہے جس کے لیے عنقریب معاہدہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ جس کے بعد مانوکے کسی بھی شعبے میں داخلہ آسان ہو جائے گا۔ اسی طرح یہ بھی فیصلہ لیا گیا ہے کہ سال25- 2024 کے دوران جو بھی نوجوان اردو صحافت کے کورس میں ریاست کی کسی بھی یونیورسٹی میں کیوں نہ داخلہ لے اس کی فیس اکیڈمی برداشت کرے گی اور اس کے بعد اگر وہ صحافت کے میدان میں قدم رکھنا چاہیں تو ان کے لیے اکیڈمی کی جانب سے ہی میڈیاکٹ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس کارگاہ میں جن صحافیوں کو مدعو نہیں کیا جا سکا ان کے لیے آئیندہ کار گاہ میں موقع فراہم کیا جائے گا۔افتتاحی جلسے کی نظامت ڈاکٹر انیس صدیقی نے انجام دی. جبکہ کلمات تشکر اردو اکیڈمی کے رکن سید محمد شاہد قاضی نے پیش کیے۔

 بعد ازاں مولانا آزاد یونیورسٹی شعبہ ماس کمیونیکیشن اور جرنلزم کے سربرا ہ پروفیسر محمد فریاد نے صحافت، سماج اور ثقافت سے متعلق معلوماتی خطاب کیا،انہوں نے بتایا کہ آر این آئی کی اعداد و شمار کے مطابق ملک میں تقریبا پانچ ہزار سے زائد اردو اخبارات رجسٹرڈ ہیں ،جبکہ کرناٹک میں ان کی تعداد 230 سے زائد ہے۔مولانا آزاد یونیورسٹی کے ایک اور پروفیسر احتشام احمد خان نے ڈیجیٹل میڈیا ، مواقع اور چیلنجز پر روشنی ڈالی،اس جلسے کی نظامت پروگرام کے کو آرڈینیٹر محمد اعظم شاہد نے کی۔اس موقع پر اکیڈمی کے سہ ماہی مجلہ اذکار کا اجرا بھی عمل میں آیا،اکیڈمی کے اراکین میں پروفیسر داؤد محسن،محمد امین نواز،شاہد قاضی،شریف احمد شریف،تنویر عظیم کے علاوہ اکیڈمی کے رجسٹرار ڈاکٹر معاز الدین احمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس کارگاہ میں ریاست کے مختلف علاقوں سے صحافی شرکت کر رہے ہیں۔


Share: